فنڈزکی کمی، پاکستان اے ایف سی ایشین ویمن فٹسال کوالیفائنگ راؤنڈ سے دستبردار

فنڈز کی کمی کے باعث پاکستان اے ایف سی ایشین ویمن فٹسال کوالیفائنگ راؤنڈ سے دستبردار ہوگیا۔

اے ایف سی ایشین ویمن فٹسال کوالیفیکشن راؤنڈ کے میچز اگلے ماہ ہونا تھے۔ گروپ بی میں شامل پاکستان کے میچز انڈونیشیا میں ہونا تھے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فنڈز نہ ہونے کی وجہ ایونٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔

پی ایف ایف نے ایونٹ میں شرکت کے لیے فیفا سے فنڈنگ کا تقاضہ کیا تھا جس پر جواب نہیں ملا۔ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی مینز ایشین کپ کوالیفائنگ راؤنڈز میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

ذرائع کے مطابق  اگر 20 جنوری تک فنڈز پر جواب نہ ملا تو مارچ سے ہونے والے مینز ایشین کپ کوالیفائر کے میچز میں شرکت مشکل ہوجائےگی۔