سابق بھارتی کرکٹر نمن اوجھا کے والد کو غبن کے ایک کیس میں مجرم قرار دے کر 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر کے والد ونے اوجھا ان 4 افراد میں شامل تھے جنہیں مدھیا پردیش کے ضلع بیتول میں بینک آف مہاراشٹرا کی برانچ میں 11 سال قبل 1.25 کروڑ روپے کی خرد برد کے الزام میں سزا دی گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ۔ملٹی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے منگل کو اس کیس کا فیصلہ سنایا۔
رپورٹ کے مطابق 11 سال قبل ونے اوجھا بینک میں برانچ مینیجر تھے۔ ان پر اب قید کے علاوہ7 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس غبن کے ماسٹر مائنڈ، ابھیشیک رتنم کو 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، اس کے علاوہ دیگر 2بروکرز کو بھی 7 سال قید اور 7 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مدھیا پردیش سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹر نمن اوجھا نے بھارت کے لیے 4 میچز کھیلے۔
انہوں نے جون 2010 میں ہرارے میں سری لنکا کے خلاف حال ہی میں ریٹائر ہونے والے روی چندرن اشون کے ساتھ ون ڈے فارمیٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔
نمن اوجھا نے بھارت کے لیے 2 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جبکہ 2015 میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں ویرات کوہلی کی قیادت میں ایک ٹیسٹ بھی کھیلا۔