پی پی ایل نے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلیے

کراچی: پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اور مثبت خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلیے ہیں۔

یہ ذخائر سندھ کے علاقے سجاول میں واقع شاہ بندر بلاک سے حاصل ہوئے ہیں، جہاں قدرتی گیس اور ہلکے تیل کے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔ پی پی ایل کی انتظامیہ نے ان ذخائر کی دریافت کی تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، شاہ بندر بلاک کے جھم ایسٹ ایکس ون کنوئیں سے یومیہ 10 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 150 بیرل سے زائد ہلکے تیل کے ذخائر حاصل ہو رہے ہیں۔ اس کنوئیں سے نکلنے والے قدرتی ذخائر کا پریشر 2800 پاؤنڈ فی مربع انچ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گیس کو سجاول پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے سوئی سدرن گیس سسٹم میں شامل کیا جا رہا ہے۔

مزید برآں، شاہ بندر فیلڈ میں پی پی ایل کا حصہ 63 فیصد ہے، جبکہ ماری پیٹرولیم کا 32 فیصد حصہ ہے۔ سندھ انرجی ہولڈنگ اور گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیوٹ لمیٹڈ کا ہر ایک کا 2.5 فیصد حصہ ہے۔