صائم ایوب کے حوالے سے کراچی کنگز اور زلمی کے درمیان جنگ جاری

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی فرنچائزز کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان صائم ایوب کے حوالے سے جنگ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کی انٹرنیشنل پرفارمنس کے بعد پی ایس ایل میں انکی مانگ میں اضافہ ہوا اور کراچی کنگز ہر صورت نوجوان کھلاڑی کو لینا چاہتی ہے جبکہ انہیں بڑی آفر بھی کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کی جانب سے صائم ’ کو کہا گیا کہ آپ ابھی 1 لاکھ 20 ہزار ڈالر لے رہے ہیں ہم آپکو 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر دیں گے اور آئندہ آنے والے سیزنز میں آپ کراچی کنگز کے کپتان بھی ہوں گے‘۔

صائم ایوب کی جانب سے پشاور زلمی سے انکو ریلیز کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تاہم، زلمی نے انہیں ریلیز کرنے سے انکار کردیا ہے اور جواب دیا کہ اگر آپ ڈرافٹنگ میں جائیں گے تو ہم رائٹ ٹو میچ کرکے آپکو واپس لے لیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ صائم ایوب کے ساتھ پشاور زلمی کے مذاکرات جاری ہیں اور زلمی کیٹگری سے زیادہ پیسے دے سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ساؤتھ افریقا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوران صائم ایوب خطرناک انجری کا شکار ہوئے ہیں جس کے باعث وہ کرکٹ سے 6 ہفتوں تک دور رہیں گے۔

یہ بھی یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 کے لئے پلیئر ڈرافٹنگ کی تقریب کا انعقاد 11 جنوری کو ہوگا۔