راشد خان کی تباہ کن بولنگ، افغانستان نے زمبابوے کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی

افغانستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 72 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی۔

بلاوائیو میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان کی کامیابی میں راشد خان کی شاندار بولنگ کا بڑا ہاتھ تھا، جنہوں نے دوسری اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جبکہ پہلی اننگز میں بھی 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں افغان ٹیم صرف 157 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، جبکہ زمبابوے نے 243 رنز بنائے۔ افغانستان نے 86 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور 363 رنز کا مجموعہ اسکور کیا۔

زمبابوے کو میچ جیتنے کے لیے 278 رنز کا ہدف ملا، مگر اس کی پوری ٹیم 205 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

راشد خان کو ان کی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ رحمت شاہ کو سیریز میں سب سے زیادہ 392 رنز بنانے پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

یہ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ڈرا ہو چکا تھا، اور اس سے قبل افغانستان نے ون ڈے اور ٹی 20 سیریز بھی جیتیں تھیں۔