پاکستانی باکسر محمد وسیم نے عالمی باکسنگ چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کردی

کوئٹہ کے رنگ میں بجا کامیابی کا گونجتا نعرہ، محمد وسیم نے باکسنگ ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کر دی۔
کوئٹہ میں منعقدہ پہلی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وینزویلا کے باکسر کو شکست دے کر ڈبلیو بی اے ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے پولو گراؤنڈ میں جنوبی ایشیا کی پہلی ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام انٹرنیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر کے مشہور باکسرز نے شرکت کی۔
ایونٹ میں 8 مختلف فائٹس ہوئی جن میں سے 4 ٹائٹل فائٹس شامل تھیں۔ برطانیہ، مراکش، میکسیکو اور پاکستان کے نامور باکسرز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی باکسر فاطمہ ہزارہ اور ملائکہ نے بھی خواتین کیٹگری میں اپنے ہم وطن حریفوں کو شکست دی۔
ایونٹ کے سب سے اہم مقابلے میں محمد وسیم نے وینزویلا کے ویسٹون اورونو کو نویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ کیا اور پورے مجمعے سے خوب داد وصول کی۔