آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے بیٹر ہلٹن کارٹ رائٹ نے 121 میٹر کا چھکا لگا شائقین کرکٹ کو حیران کردیا۔
میلبرن کے تاریخی کرکٹ گراؤںڈ بگ بیش لیگ کے 23ویں میچ میں رینیگیڈز اور اسٹارز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جہاں میزبان ٹیم کے بیٹر ہلٹن کارٹ رائٹ نے 121 میٹر کا چھکا لگا کر دنیائے کرکٹ کو حیران کردیا۔
اسٹارز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر رینیگیڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، میلبرن اسٹارز کی ٹیم نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور حریف ٹیم کو 168 کے مجموعے تک محدود رکھا۔
ہدف کے تعاقب میں اسٹارز نے 3 وکٹیں گنوائیں لیکن بین ڈکٹ نے اپنی شاندار ففٹی اور مارکس اسٹوئنس نے شاندار 48 رنز بنائے جس نے میلبورن اسٹارز کو کھیل میں برقرار رکھا۔
بعدازاں گلین میکسویل اور ہلٹن کارٹ رائٹ نے ذمہ داری سنبھالی اور آخری اوور میں 10 رنز درکار تھے کہ بیٹر نے چھکا لگا کر میچ ٹیم کو جتوادیا۔
20ویں اوور کی تیسری گیند پر ٹام راجرز نے آف اسٹمپ کے باہر یارکر پھینکنے کی کوشش کی لیکن ہلٹن کارٹ رائٹ نے اس پر 121 میٹر کا جھکا جڑ دیا، بال اسٹیڈیم کے دوسرے اسٹینڈ میں جاکر گری جبکہ میچ دیکھنے والے فینز کی آنکھوں سے بال اوجھل ہوگئی۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے لمبا چھکا لگانے کا ریکارڈ شاہد افریدی کے پاس ہے جنہوں نے جنوبی افریقا کیخلاف 153 میٹر لمبا چھکا لگایا تھا تاہم یہ آفیشل نہیں ہوسکا تھا۔