کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں پر مشتمل سیریز میں قومی ٹیم کو کلین سوئپ کر دیا۔ میزبان ٹیم نے 58 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے 8ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کےلیے کپتان شان مسعود اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد بیٹنگ کےلیے آئے۔ پاکستان کا اسکور 235 رنز پر پہنچا تو خرم شہزاد آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ کامران غلام کی صورت میں گری۔ کامران 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔وکٹ کی ایک جانب موجود کپتان شان مسعود کا ساتھ چوتھی وکٹ پر سعود شکیل نے دیا، دونوں کے درمیان 51 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ تاہم 329 کے مجموعے پر سعود شکیل کگیسو ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسی اسکور پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہوں نے 145 رنز بنائے تھے۔

چھٹی وکٹ پر محمد رضوان اور سلمان علی آغا کے درمیان ففٹی پارٹنرشپ نے جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں کے درمیان 88 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

محمد رضوان 417 کے مجموعے پر 41 رنز بنانے کے بعد کیشو مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سلمان علی آغا 48 رنز بنا کر 441 پر میدان چھوڑ گئے۔

آٹھویں وکٹ پر عامر جمال اور میر حمزہ نے 37 رنز جوڑ کر ٹیم کے ٹوٹل کو 478 رنز تک پہنچایا، جہاں پہلے عامر جمال اور پھر میر حمزہ بھی آؤٹ ہوئے۔

صائم ایوب کی انجری کے باعث عدم دستیابی کی وجہ سے 9 وکٹوں کے ساتھ پاکستان ٹیم 57 رنز کی برتری لے کر آل آؤٹ ہوئی۔جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 3، 3 جبکہ مارکو یانسن نے دو اور کوینا ماپھاکا نے ایک وکٹ لی۔

جنوبی افریقا کی پہلی اننگز

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ریان ریکلٹن نے ڈبل سنچری بنائی تھی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سنچریاں بنائی تھیں۔

پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔