سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل تیسرے روز اضافہ

ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز اضافہ ہوگیا۔

 آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ قیمت 2 لاکھ 82 ہزار 600 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح، 10 گرام سونے کی قیمت بھی 342 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 42 ہزار 283 روپے ہوگئی ہے۔ پچھلے تین دنوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مجموعی طور پر 4700 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق، گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 1400 روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ اُس سے ایک دن قبل 2900 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

عالمی سطح پر صرافہ مارکیٹ میں گزشتہ روز 13 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا، لیکن آج اس میں صرف 2 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار 705 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔