خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان

خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، امریکی صدر کی جانب سے امریکی پیداوار کو بڑھانے کیلئے وسیع منصوبہ جاری کرنے اور اوپیک سے خام تیل کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیے جانے کے بعد مارکیٹ ہفتہ وار گراوٹ کی طرف بڑھ رہی ہے۔

جمعہ کو برینٹ کروڈ فیوچر 9 سینٹ سستا ہوکر 78.20 ڈالر فی بیرل جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ (ڈبلیو ٹی آئی) 9 سینٹ سستا ہوکر 74.53 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ ہفتے کے دوران برینٹ میں اب تک 3.18 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 4.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس ہفتے کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے کیونکہ سرمایہ کاروں نے غزہ میں جنگ بندی کے بعد جنگی پریمیمز میں کمی کی، اور ساتھ ہی ٹرمپ کی توانائی پالیسی میں تبدیلی کی تیاری کررہے ہیں۔

جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ مطالبہ کریں گے کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور اس کے اصل رہنما سعودی عرب خام تیل کی قیمت میں کمی لائیں۔