آخری رسومات کے پیسے نہیں، غریب بہنیں ایک ہفتہ ماں کی لاش کے ساتھ رہتی رہیں

بھارت کی ریاست تلنگانہ کے علاقے سکندرآباد میں 2 نوجوان بہنیں مالی مشکلات کے دوران آخری رسومات کے لیے رقم نہ ہونے کی وجہ سے تقریباً ایک ہفتہ تک اپنی ماں کی لاش کو گھر میں رکھنے پر مجبور ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واراسی گوڈا کی رہنے والی خاتون گزشتہ ہفتے بیماری کی وجہ سے انتقال کرگئی، اس کی بیٹیاں، 25 سالہ راولیکا، ایک ساڑھی کی دکان پر کام کرتی ہے اور دوسری بیٹی 22 سالہ اشویتا ایک ایونٹ پلانر ہے، وہ دونوں اپنی والدہ کی آخری رسومات ادا کرنے کے اخرجات برداشت کرنے کے قابل نہیں تھیں۔

رپورٹس کے مطابق ان کے والد نے 2020 میں تنازعات کے بعد خاندان کو چھوڑ دیا تھا، اس کے بعد والد نے کی کوئی مالی مدد نہیں کی، پورے ہفتے کے دوران بہنیں الگ کمرے میں رہیں جب کہ انہوں نے اپنی والدہ کی لاش دوسرے کمرے میں رکھا۔

یہ افسوسناک صورتحال اس وقت سامنے آئی جب پڑوسیوں نے بدبو محسوس کرنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی، اس کے بعد حکام نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کو معاملے کی رپورٹ ہونے سے قبل بہنوں نے اپنی والدہ کی آخری رسومات کے لیے ایک مقامی کثیر المقاصد ہال سے مدد طلب کی تھی، ہال انتظامیہ نے پولیس سے رابطہ کیا، اس کے بعد پولیس ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش شروع کی۔

رپورٹس کے مطابق یہ خاندان صرف 2 ماہ قبل اس علاقے میں منتقل ہوا،  دونوں بہنوں نے اپنے ایک رشتہ دار سے مدد کے لیے رابطہ کیا لیکن انھوں نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔