پاک چین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط، صدر زرداری شریک

بیجنگ میں منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان اور چین کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

تقریب میں صدر آصف علی زرداری، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی اور چین کے چنگ گانگ کنسٹرکشن گروپ کے مابین ایم او یو پر دستخط ہوئے۔

پاکستان میں سیمنٹ کی پیداوار میں 5 ہزار ٹن یومیہ اضافے کے لیے پروڈکشن لائن لگائی جائے گی۔

محکمۂ توانائی سندھ اور چین کی منگ یانگ قابلِ تجدید توانائی کمپنی کے مابین ایم او یو پر بھی دستخط ہوئے۔

یادداشت کے تحت پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کے مختلف منصوبوں پر تعاون کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ حکومتِ سندھ اور چینی کمپنی میں کوئلے کی گیسیفکیشن اور یوریا پلانٹ کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔