ہر ایلوپیتھک میڈیسن کے سائیڈ افیکٹس کے بارے میں تو ہم بچپن سے سنتے چلے آرہے ہیں پر چند ماہ پہلے کوووڈcovid کی وباء نے جو تباہی مچائی اور اس سے بچا ؤکے لئے جو ویکسین استعمال کی گئی اس نے کئی نئی بیماریوں کو جنم دیا جن میں کمر اور انسانی جسم کے دوسرے حصوں میں درد کی بیماریاں قابل ذکر ہیں‘یہی وجہ ہے کہ اب ہربل herbalادویات کا استعمال زور پکڑ رہا ہے کہ وہ اگر جلد فائدہ نہیں دیتیں تو کم از کم انسانی جسم کو مزید نقصان تو نہیں پہنچاتیں‘قصہ کوتاہ لوگوں کو ایلوپیتھک ادویات اور سرجری کی طرف صرف اس وقت جانا چاہیے کہ جب دوسرا کوئی آپشن موجود نہ ہو‘۔سوشل میڈیا پر ایک سرسری نظر ڈالنے سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ اب مختلف گیمز کے بعض کھلاڑی اور دور حاضر کے فلمی اداکاروں کے پاس بھی دھن کی اتنی ہی ریل پیل اور فراوانی ہے جو کبھی صرف سہگل داد ٹاٹا اور برلاس جیسے صنعت کاروں یا نظام آف حیدر آباد جیسے لوگوں کے پاس ہواکرتی تھی یہ لوگ محل نما بنگلوں میں رہتے ہیں رولرائس یا اس سے بھی کہیں قیمتی گاڑیوں میں گھومتے ہیں بلکہ انہوں نے تو اپنے استعمال کے لئے پرائیویٹ طیارے تک خریدرکھے ہوتے ہیں جن میں وہ آئے دن عرب امارات اور یورپ کے دیگر ممالک کی سیاحت کرتے پھرتے ہیں۔عرب امارات کے حکمرانوں نے تو لگتا ہے دنیا کی تمام دولت اپنے پاس کھینچ لی ہے بھلے کوئی کتنی ہی بڑی رقم لے کر وہاں بنگلے ہوٹل اور پلازے اور دیگر بیش قیمت عمارتیں کیوں نہ تعمیر کرے اور وہاں کے بینکوں میں کتنی ہی بڑی رقم کیوں نہ جمع کرائے‘ وہاں کے حکمران ان سے یہ نہیں پوچھتے کہ بھائی یہ رقم تم نے کیسے کمائی ہے کیا تم نے اپنے ملک کو اس پر ٹیکس دیا ہے تمہارااپنے ملک میں ذریعہ معاش کیا تھا وغیرہ وغیرہ۔