اسٹرابیری کھانے کے حیران کن فائدے

موسم سرما کے اختتام کے ساتھ ساتھ جا بجا نظر آنے والا سرخ سنگ کا یہ خوبصورت پھل جتنا آنکھوں کو بھاتا ہے اتنا ہی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔

یہ پھل جہاں ذائقے کے اعتبار سے بے حد پسند کیا جاتا ہے وہیں اس کی دل کو لبھانے والی مہک بھی اسے پسند کیے جانے کی ایک وجہ ہے۔

اسٹرابیری وٹامن سی سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھی مالا مال ہے۔

اس کو کھانے سے حاصل ہونے والے چند فوائد درج ذیل ہیں:

بلڈپریشر کنٹرول کرے

اسٹرابیری میں شامل پوٹاشیم صحت کے لیے ایک انتہائی اہم جز ہے جو نہ صرف بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ اس سے ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

 بلڈ پریشر، خراب کولیسٹرول اور ورم سے تحفظ دینے کے باعث اسے دل کی صحت کے لیے بہترین پھلوں میں سے ایک بھی قرار دیا جاتا ہے۔

فائبر سے بھرپور

نظام ہاضمہ کے لیے فائبر انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسٹرابیری میں قدرتی طور پر اس کی کچھ مقدار شامل ہوتی ہے۔

جسم میں فائبر کی کمی کے نتیجے میں قبض اور آنتوں کے ورم کا خطرہ ہوتا ہے جس کا سامنا عمر کی چھٹی دہائی میں موجود 50 فیصد افراد کو ہوتا ہے۔ 

فائبر ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خلاف بھی مزاحم ہوتا ہے کیونکہ یہ خون میں چینی کے جذب ہونے کا  عمل کو سست کردیتا ہے۔

قوت مدافعت

ماہرین کے مطابق انسانی جسم وٹامن سی کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور اسی لیے اسے جسمانی صحت کے لیے غذائی شکل میں حاصل کرنا بہت اہمیت رکھتا ہے کیوں کہ وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقتور کرتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق اگر چند ہفتوں تک اسٹرابیری کا روزانہ کچھ مقدار میں استعمال کیا جائے تو اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اجزا کی طاقت خون کا حصہ بن جاتی ہے۔

کینسر کے خلاف مزاحم

وٹامن سی ایسا جز ہے جو کینسر کی روک تھام کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ جسم کے کی قوت مدافعت کی بدولت دیگر امراض سے دفاع بھی مضبوط ہوتا ہے۔

 ایک تحقیق کے مطابق اسٹرابیری میں موجود ایک جز الیجک ایسڈ کینسر کی روک تھام کی خصوصیات رکھتا ہے اور کینسر زدہ خلیات کی نشوونما کو روکتا ہے۔

جھریوں سے تحفظ

اسٹرابیریز میں موجود وٹامن سی کولیجن کی پروڈکشن کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے جو جلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے، عمر بڑھنے کے ساتھ کولیجن کی سطح میں کمی آتی ہے تاہم وٹامن سی سے بھرپور غذا کے استعمال سے جلد کو صحت مند اور جوان بنانے میں مدد ملتی ہے۔

 وٹامن سی کے ساتھ ساتھ اسٹرابیری میں موجود الیجک ایسڈ بھی کولیجن کے خاتمے اور ورم کے ردعمل کو روکتا ہے اور یہ دونوں عناصر جھریوں کا باعث بنتے ہیں۔

خراب کولیسٹرول سے دفاع

دنیا بھر میں اموات کی ایک بڑی وجہ امراض قلب ہے اور اسٹرابیری میں دل کی صحت کو بہتر بنانے کی بھی خوبی ہے۔

 الیجک ایسڈ اور فلیونوئڈز ایسا اینٹی آکسیڈنٹ اثر فراہم کرتے ہیں جو دل کی صحت کو بہتر بناتے ہیں، یہ خون میں خراب کولیسٹرول کے اثرات کا مقابلہ کرتے ہیں جو شریانوں میں خون گاڑھا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔

 ایک کینیڈین تحقیق کے مطابق اسٹرابیری کا غذا میں استعمال امراض قلب اور ذیابیطس سے تحفظ دیتا ہے۔

جسمانی وزن میں کمی

صحت مند وزن کو برقرار رکھنا ذیابیطس ٹائپ ٹو اور امراض قلب کے خلاف بہترین دفاع ثابت ہوتا ہے۔

 اسٹرابیری قدرتی طور پر کم کیلوریز والا پھل ہے، جس میں چربی نہیں ہوتی جبکہ نمکیات اور قدرتی چینی کی مقدار بھی بہت کم ہوتی ہے، جو جسمانی وزن کو معمول میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

حمل میں مفید

حاملہ خواتین کے لیے عام طور پر بی وٹامن کی ایک قسم فولیٹ کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے اور اسٹرابیریز اس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔

فولیٹ کو حمل کے ابتدائی مراحل میں بچے کے دماغ، کھوپڑی اور ریڑھ کی ہڈی کے لیے ضروری جز مانا جاتا ہے اور اسٹرابیری کے استعمال سے مخصوص پیدائشی نقص کی روک تھام میں بھی ممکنہ طور پر مدد مل سکتی ہے۔