پاکستان میں پولیو وائرس کے خلاف جاری جدوجہد میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 31 اضلاع سے لیے گئے 35 ماحولیاتی نمونوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (EOC) کے مطابق، ملک کے صرف 20 اضلاع کے 25 نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، جو کہ گزشتہ مہینوں کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔
اس پیش رفت کے باوجود، احتیاطی اقدامات کو جاری رکھتے ہوئے حکومت نے 21 سے 27 اپریل تک ایک نئی قومی پولیو مہم کا اعلان کیا ہے۔
اس مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو مہم کے دوران لازمی طور پر اپنے بچوں کو قطرے پلائیں تاکہ وائرس کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔