عید کے خاص موقع پر لذیذ شیر خرما کی ترکیب

عید ایک خوشی کا موقع ہوتا ہے، جب ہر گھر میں خوشیاں بٹتی ہیں اور خاص طور پر عید کے دن خوشبوؤں سے بھرے کھانے بنائے جاتے ہیں۔

شیر خرما ایک ایسا میٹھا ہے جو عید کی محافل کو مزید خوشگوار بنا دیتا ہے۔ سویاں، دودھ، خشک میوہ جات اور خوشبو سے مزین یہ میٹھا نہ صرف ذائقے میں بہترین ہے بلکہ آپ کی عید کی سوغات کو یادگار بنا دیتا ہے۔ تو آئیں، اس عید پر شیر خرما بنانے کی ترکیب سیکھیں۔


اجزاء

سویاں: 250 گرام

دودھ: 2 لیٹر

چینی: 250 گرام

گھی: 150 ملی لیٹر

بادام کی گریاں: 50 گرام

پستہ: 15 گرام

چھوہارے: 15 گرام

کیوڑہ: 2 چمچ

سبز الائچی: 8 دانے

ترکیب

ایک دیگچی میں گھی ڈال کر چولہے پر رکھیں اور اس میں سبز الائچی کے دانے ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ گھی کڑکڑانے لگے اور خوشبو آنے لگے تو سویاں ڈال کر ان کو بھون کر سرخ کر لیں۔

دوسری دیگچی میں دودھ اور چھوہارے ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ دودھ پک کر تین چوتھائی رہ جائے تو اسے اتار کر سویوں والی دیگچی میں ڈال دیں۔

چمچ سے اچھی طرح ملا کر ہلکی آگ پر پکائیں۔ دو منٹ بعد بادام کی گریاں اور پستہ باریک کتر کر ڈال دیں۔

اس کے بعد چینی شامل کر کے پکائیں اور آخر میں کیوڑہ ڈال کر اتار لیں۔

لذیذ شیرخرما تیار ہے، جو آپ کی عید کی محفل میں خوشبو اور ذائقے کا اضافہ کرے گا۔