دنیا بھر میں گنج پن کے علاج پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کیے جاتے ہیں، لیکن ابھی تک کوئی ایسا علاج نہیں مل سکا جو مکمل طور پر کامیاب ہو۔ حال ہی میں ایک نئی تحقیق نے گنج پن، خاص طور پر الوپیسیا کے مؤثر علاج کی امید جگائی ہے۔ یہ بیماری بالوں کے جھڑنے کا ایک عام سبب ہے، جس میں عموماً سر کے درمیان سے بال غائب ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور پھر یہ مسئلہ پورے سر میں پھیل جاتا ہے۔
ماہرین نے یہ معلوم کیا ہے کہ بالوں کی جڑوں کے اسٹیم سیلز، جنہیں ایچ ایف ایس سی کہا جاتا ہے، بالوں کی دوبارہ نشوونما کے لیے ایم سی ایل 1 پروٹین کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر یہ پروٹین موجود نہ ہو تو یہ اسٹیم سیلز تناؤ کی وجہ سے ختم ہو جاتے ہیں، جس سے گنج پن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ جب چوہوں کی جلد کے خلیات سے ایم سی ایل 1 کو ہٹا دیا گیا تو بالوں کے جھڑنے کا عمل شروع ہو گیا۔ لیکن جب اس پروٹین کو دوبارہ فعال کیا گیا تو بال اگنے لگے، حالانکہ تناؤ کی وجہ سے پی 53 پروٹین فعال ہو کر مزید جڑوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
محققین کے مطابق ایم سی ایل 1 اور پی 53 پروٹین کے درمیان تعلق بالوں کی جڑوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ تحقیق جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئی ہے، اور ماہرین نے اس دریافت کو عملی علاج میں تبدیل کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔