پاکستان میں پولیو وائرس کی نگرانی کے تحت 44 اضلاع سے لیے گئے 56 ماحولیاتی نمونوں میں سے 22 میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے بتایا کہ حالیہ پولیو مہمات کے باعث وائرس کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
رواں سال دوسری قومی پولیو مہم 21 سے 27 اپریل کے درمیان منعقد ہوئی، جس کے دوران 4 کروڑ 53 لاکھ سے زیادہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔
پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ویکسینیشن کے اہداف 100 فیصد یا اس سے زیادہ حاصل کر لیے گئے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین پر زور دیا ہے کہ آئندہ ماہ منعقد ہونے والی تیسری قومی پولیو مہم میں بھی بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر مرتبہ پولیو کے قطرے پلوا کر ان کی صحت کا تحفظ یقینی بنائیں۔
