رمضان المبارک میں روزہ رکھنا روحانیت کے ساتھ جسمانی فوائد بھی دیتا ہے، مگر بعض افراد کو روزے کے دوران سر درد کا سامنا ہوتا ہے۔ یہ درد پورے دن کے معمولات کو مشکل بنا دیتا ہے، لیکن اس کی وجوہات اور حل جان کر اس سے بچا جا سکتا ہے۔
سر درد کی وجوہات:
- نیند کی کمی: سحری کے لیے دیر سے اٹھنا اور دن بھر کے کام کاج کی وجہ سے نیند متاثر ہوتی ہے، جس سے سر درد ہو سکتا ہے۔
- لو بلڈ پریشر: خون کی کمی والے افراد کو روزے کی حالت میں کم بلڈ پریشر کا سامنا ہوتا ہے، جو سر درد کی وجہ بن سکتا ہے۔
- کیفین کی کمی: چائے یا کافی کی عادت رکھنے والے افراد کو روزے میں کیفین کی کمی سے سر درد محسوس ہوتا ہے۔
- پروٹین کا ٹوٹنا: طویل وقت تک کھانا نہ ملنے کی صورت میں جسم میں موجود پروٹین ٹوٹنا شروع ہو جاتے ہیں، جو سر درد کا سبب بنتے ہیں۔
- جسم میں پانی کی کمی: روزے کے دوران پانی نہ پینے کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے، جو سر درد کا باعث بنتی ہے۔
سر درد کا علاج اور حل:
- پانی کا زیادہ استعمال: سحری اور افطار کے دوران پانی زیادہ پینے سے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہو گی۔
- اعصاب کو آرام دیں: سر درد کی صورت میں آرام کرنے سے درد میں افاقہ ہوتا ہے۔
- اسکرین سے دور رہیں: کمپیوٹر، موبائل یا ٹی وی کی اسکرین سے پرہیز کریں تاکہ سر درد بڑھ نہ سکے۔
- نیم گرم پانی سے غسل: نیم گرم پانی سے غسل کرنے سے دوران خون بہتر ہوتا ہے، جس سے سر درد میں کمی آتی ہے۔
- ہلکی پھلکی ورزش: گردن اور جسم کی ہلکی پھلکی ورزش سے دوران خون بہتر ہوتا ہے، جس سے درد میں افاقہ ہوتا ہے۔
- کھانے پینے میں احتیاط: سحری اور افطار میں زیادہ چکنائی یا مصالحے سے بچیں اور متوازن غذا کا انتخاب کریں۔
روزے کے دوران سر درد ایک عام مسئلہ ہو سکتا ہے، مگر احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس سے بچا جا سکتا ہے۔ رمضان کے دوران صحت کا خیال رکھیں اور اس کے فوائد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔