بنوں: پاک فوج نے بنوں کینٹ پر ہونے والا دہشت گرد حملہ ناکام بنا کر دشمنوں کو واضح پیغام دے دیا کہ پاکستان کے محافظ ہر قیمت پر اپنے وطن کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔
4 مارچ کو دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑیوں کے ساتھ بنوں کینٹ پر حملے کی کوشش کی، لیکن پاک فوج کے شیر دل جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 16 حملہ آوروں کو جہنم واصل کردیا، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔
جھڑپ کے دوران 5 بہادر فوجی وطن پر قربان ہوگئے، جبکہ حملے کے نتیجے میں ایک مسجد اور رہائشی عمارت کو بھی نقصان پہنچا، جس میں 13 شہری شہید اور 32 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں براہِ راست افغان شہری ملوث تھے اور اس کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا اور ہر قیمت پر اپنی حفاظت کرے گا۔