امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز  کا نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ : دہشت گرد کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان سے اظہار تشکر

امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز  کا نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ ہوا ہے۔

مائیکل والٹز  نے اسحاق ڈار سے گفتگو میں انسداد دہشت گردی کی پاکستان کی کوششوں پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکر یہ کا پیغام پہنچایا۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر  نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف بھی کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گفتگو میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے فوجی ساز و سامان کی واپسی کے اعلان کو پاکستان کی جانب سے سراہا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سی آئی اے کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر داعش کےکمانڈر کو گرفتار کیا جو 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع پر کی گئی بھیانک دہشتگردی کی سازش میں ملوث تھا۔

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشتگردی کے خلاف تعاون میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد کانگریس سے پہلے طویل ترین خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ انتہاپسند دہشتگردی کے خلاف ہیں، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہےکہ افغانستان میں دہشتگردی کا بڑا ذمہ دارپکڑاگیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے 2021 میں کابل دھماکے کے دہشتگرد کی گرفتاری میں تعاون پر حکومت پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دہشتگرد کی گرفتاری میں مدد پر پاکستان کا خصوصی طورپر شکریہ اداکرتا ہوں۔

بعد ازاں  وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف تعاون میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔