لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس عبدالعزیز مستعفی

راولپنڈی: لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے سینئر جج جسٹس چودہری عبدالعزیز نے اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا۔

ذرائع کے مطابق جسٹس عبدالعزیز نے ذاتی مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے مستعفی ہونے کی وجہ بیان کی اور درخواست کی کہ ان کا استعفیٰ فوری طور پر قبول کیا جائے۔ انہوں نے اس فیصلے سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

جسٹس عبدالعزیز نومبر 2016 میں لاہور ہائی کورٹ کا حصہ بنے اور ساڑھے 8 سال کے دوران 40 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے سنائے۔ ان کا شمار دباؤ سے آزاد اور پروفیشنل ججوں میں ہوتا تھا، جبکہ ان کی ریٹائرمنٹ میں ابھی 8 سال باقی تھے۔

بار ایسوسی ایشن اور سینئر وکلاء نے ان کے استعفیٰ پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عدلیہ کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ جسٹس عبدالعزیز نے دو سال پہلے بھی استعفیٰ دیا تھا، جو اس وقت مسترد کر دیا گیا تھا۔