پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 8.69 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 16 ارب ڈالر کی سطح عبور کر گئے۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر 4.89 کروڑ ڈالر بڑھ کر 11.14 ارب ڈالر ہو گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 3.8 کروڑ ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد یہ 4.86 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
مزید برآں، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 41.06 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 2023-24 کے ابتدائی آٹھ ماہ میں یہ سرمایہ کاری 1.618 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 1.147 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق، چین سب سے بڑا سرمایہ کار ملک رہا، جس نے 662 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ اس کے بعد برطانیہ 167 ملین ڈالر اور امریکہ 68 ملین ڈالر کے ساتھ نمایاں رہے۔