عید الفطر سے پہلے ملک میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ آنے والا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 27 مارچ کے درمیان بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، اور پہاڑوں پر ژالہ باری اور برفباری کا بھی امکان ہے۔
بونیر، دیر، مالاکنڈ، صوابی، چارسدہ، ایبٹ آباد اور پشاور میں 25 سے 27 مارچ کے دوران بارشیں ہونے کی توقع ہے، جبکہ کرک، لکی مروت، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں 25 سے 26 مارچ کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں بھی ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات اور وسطی پنجاب میں بھی 25 سے 27 مارچ کے دوران بارش کی توقع ہے۔
سندھ کے کچھ علاقوں میں 25 اور 26 مارچ کو گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن اور مستونگ میں بارش کی امید ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھی اور ژالہ باری کی وجہ سے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ پنجاب اور کے پی میں فصلوں کو بھی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔