خشک سالی کا خطرہ، تربیلا اور منگلا ڈیمز میں پانی کی کمی

اسلام آباد: اس سال بارشوں کی کمی کی وجہ سے تربیلا اور منگلا ڈیمز میں پانی کی شدید کمی واقع ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں کمی کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں خشک سالی کی صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ ماہ بھی بارشیں معمول سے کم ہونے کی توقع ہے، اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے خشک سالی کا خطرہ برقرار رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق، ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک پاکستان میں بارشیں معمول سے 40 فیصد کم ریکارڈ کی گئیں، جبکہ سندھ میں سب سے کم بارشیں دیکھنے میں آئیں۔

حکام نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے تاکہ خریف سیزن کے لیے پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا جا سکے۔