نیوزی لینڈ کے قریب بحرالکاہل میں زلزلہ آیا ہے جس کی شدت 7.1 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ٹونگا کے ساحلی علاقوں میں سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (GFZ) کے مطابق، زلزلہ 16 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا اور اس کا مرکز ٹونگا کے مرکزی جزیرے سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے دور دراز کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی طور پر کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے 300 کلومیٹر کے دائرے میں موجود ساحلی علاقوں میں خطرناک سونامی لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے۔ حکام نے مقامی رہائشیوں کو الرٹ رہنے اور ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
تاحال زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، لیکن ماہرین کے مطابق زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آنے کا امکان موجود ہے۔ مقامی حکام اور ریسکیو ٹیمیں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔