تقریباً دو درجن امریکی ریاستوں نے صحت کے شعبے میں فنڈز کی کٹوتی کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
ریاستوں کے اٹارنی جنرلز نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف رہوڈ آئی لینڈ کی فیڈرل کورٹ میں درخواست دائر کی، ان ریاستوں میں نیویارک، کولوراڈو، پنسلوانیا اور کولمبیا شامل ہیں۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے 11 ارب ڈالرز کی کٹوتی غیرقانونی طور پر کی، جس سے عوامی صحت کو شدید نقصان پہنچے گا اور مستقبل میں وباؤں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ کٹوتی کو فوری طور پر روکا جائے، کیونکہ یہ فنڈز کووڈ 19 کی ٹیسٹنگ، ویکسینیشن اور ذہنی صحت کے پروگرامز کے لیے مختص تھے۔
یو ایس ہیلتھ اینڈ ہیومین سروسز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کٹوتی پر کسی بیان سے گریز کیا گیا ہے، تاہم یہ کہا گیا کہ فنڈز اب وبا کے خاتمے کے بعد ضائع نہیں کیے جائیں گے۔
اس فیصلے کے نتیجے میں ہزاروں افراد کی ملازمتیں خطرے میں ہیں اور بیماریوں کی روک تھام کی کوششوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔