اسرائیل کی غزہ میں بمباری، 17 فلسطینی شہید

آج صبح اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر کی جانے والی تازہ بمباری کے نتیجے میں 17 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے جنوبی رفح سمیت غزہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جہاں زمینی کارروائیوں کا دائرہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز غزہ کی وزارت صحت نے یہ تصدیق کی تھی کہ 24 گھنٹوں کے اندر 41 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ 18 مارچ سے شروع ہونے والے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 50 ہزار 400 سے زائد فلسطینی جانیں گنوا چکے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے میں انسانی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔