وزیراعظم کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر تاجر برادری میں خوشی کی لہر

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے، جس پر یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر کو کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ایس ایم تنویر نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعت و کاروبار میں تیزی آئے گی۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرز اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے ایس ایم تنویر نے کہا کہ حکومت ملک میں صنعت اور کاروبار کو بحال کرنے میں سنجیدہ ہے اور انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے یو بی جی اور ایف پی سی آئی سے مل کر آئی پی پیز کا مسئلہ اٹھایا۔

ایس ایم تنویر نے مزید کہا کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے اور وزیر خزانہ نے یو بی جی کے وفد کو بجلی کے نرخ کم ہونے کی نوید دی تھی۔ انہوں نے گزشتہ دس ماہ سے تواتر سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی وکالت کی اور کہا کہ یو بی جی بزنس یونٹی کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔

ایس ایم تنویر نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ ہم بینکوں کی شرح سود کو بھی سنگل ڈیجٹ کرائیں گے۔

لاہور چیمبر کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم

لاہور چیمبر نے وزیراعظم کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ یہ دیرینہ مطالبہ تھا جس کی تکمیل کاروباری طبقے کے لیے خوش آئند ہے۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ اس فیصلے سے برآمدات اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ اس سے مہنگائی میں کمی آئے گی۔

لاہور چیمبر کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کے کاروبار دوست اقدامات معیشت کی بحالی کے لیے کلیدی ہیں اور وزیراعظم کا یہ اقدام معیشت کی بحالی کی جانب اہم قدم ہے۔ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے بھی اس فیصلے کو سراہا اور کہا کہ اس سے صنعتی ترقی کو تقویت ملے گی۔