عظمیٰ بخاری کا تھیٹر سے فحاشی کے خاتمے کا عزم، خلاف ورزی پر سخت کاروائی کا حکم

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا مشن صوبے میں تھیٹرز سے فحاشی، بے ہودگی اور غیر اخلاقی مواد کا مکمل خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹر کا ماحول ایسا ہونا چاہیے جہاں فیملیز بلا جھجک آ کر ڈرامے دیکھ سکیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تھیٹر مالکان اور فنکاروں کو ایک سال کی مہلت دی گئی تھی تاکہ وہ اپنے رویے، مواد اور پیشکش کو درست کر کے تھیٹر کو "فیملی انٹرٹینمنٹ" کی شکل دیں۔ ان کے مطابق اس مہلت کے دوران تمام مالکان اور فنکاروں نے تحریری گارنٹی دی تھی کہ وہ اپنے پروگرامز کو اخلاقی حدود میں رکھیں گے۔

تاہم، وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ جو عناصر اب بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ کسی کی دھمکیوں سے ڈرتی ہیں اور نہ ہی کسی قسم کی بلیک میلنگ کو خاطر میں لائیں گی۔