مولانا فضل الرحمان کے نام پر جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کا انکشاف

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے نام سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ کا انکشاف ہوا ہے جس پر جے یو آئی (ف) کی قیادت نے سخت ردعمل دیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے نام سے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جعلی اکاؤنٹ بنایا گیا ہے، جہاں سے جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اس جعلی اکاؤنٹ کا مولانا فضل الرحمان یا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں اور اس اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے صحافتی اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ بغیر تصدیق کے ایسی معلومات کو نشر کرنا صحافت کے اصولوں کے خلاف ہے اور اس پر فوری کارروائی کی جائے۔

جے یو آئی ترجمان نے میڈیا سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایسی غیر مصدقہ خبروں کو نشر کرنے سے گریز کرے اور سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلائی جانے والی معلومات کی تصدیق کیے بغیر انہیں خبر نہ بنایا جائے۔