سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے دراندازی ناکام بنا دی، 8 خوارج ہلاک

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں افغان سرحد سے داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کی کارروائی ناکام بناتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 5 اور 6 اپریل کی درمیانی شب خوارج کا ایک گروہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقے حسن خیل کے راستے پاکستان میں داخل ہو رہا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی پیش قدمی روک دی اور جوابی فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 8 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 4 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان متعدد بار افغان حکومت کو سرحدی دراندازی اور دہشتگردوں کی موجودگی پر کارروائی کا مطالبہ کر چکا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان مخالف کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے، بارڈر مینجمنٹ کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

فوج کے مطابق علاقے میں مزید ممکنہ خوارج کی موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلین اپ آپریشن جاری ہے۔