پی آئی اے پرواز میں سگریٹ نوشی سے روکانے پر مسافرکا ائیرہوسٹس پر تشدد

اسلام آباد سے پیرس جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مسافر نے سگریٹ نوشی سے روکنے پر خاتون ائیرہوسٹس کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

ائیرلائن ذرائع کے مطابق، خاتون فضائی میزبان نے مسافر کو دوران پرواز سگریٹ پینے سے روکا تو وہ مشتعل ہو گیا۔ فلائٹ اسٹیورڈ نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی تو مسافر نے اس پر بھی ہاتھ اٹھا دیا۔

واقعے کی اطلاع کپتان نے ائیرٹریفک کنٹرول کو دی اور پیرس ائیرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل سکیورٹی اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا۔

پرواز کے پیرس پہنچنے پر مذکورہ مسافر، جس کا نام سفیر بتایا گیا ہے، کو سکیورٹی حکام نے حراست میں لے لیا۔ ترجمان پی آئی اے نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ متاثرہ ائیرہوسٹس کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔