محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے لیے نیا ڈریس کوڈ متعارف کروا دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مرد اساتذہ کو جینز اور ٹی شرٹ پہننے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، پروفیشنل ازم اور ثقافتی اقدار کو فروغ دینا ہے۔
خواتین اساتذہ کو شلوار قمیض کے ساتھ دوپٹہ یا حجاب پہننے کی ہدایت دی گئی ہے، اور انہیں غیر ضروری میک اپ، اونچی ہیلز اور قیمتی زیورات سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ان ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ نے نجی اسکولوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اداروں میں مناسب اور باقاعدہ ڈریس کوڈ نافذ کریں۔ یہ فیصلہ سندھ حکومت کے حالیہ فیصلے کے تناظر میں کیا گیا ہے جس میں اسی نوعیت کا ضابطہ متعارف کرایا گیا تھا۔