پاکستان کا نئے ٹیرف پر مذاکرات کیلئے وفد امریکا بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امریکی ٹیرف سے متعلق اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان ایک اعلیٰ سطحی وفد امریکا بھیجے گا تاکہ تجارتی تعلقات کو وسعت دی جا سکے اور نئے ٹیرف پر تفصیلی مذاکرات کیے جا سکیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفد میں معروف بزنس مین اور برآمد کنندگان کو شامل کیا جائے تاکہ وہ امریکی ہم منصبوں سے براہِ راست مؤثر بات چیت کر سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی روابط دہائیوں پر محیط ہیں، اور حکومت ان تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔ وفد کو امریکی حکام سے مذاکرات کے بعد رپورٹ پیش کرنے اور آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے۔