ایئر ڈیفنس کی بروقت کارروائی، بھارت کا ڈرون تباہ کر دیا گیا

جمعرات کی صبح گوجرانوالہ میں دو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، اور اس کے فوراً بعد کینٹ کے علاقے میں موجود ایئر ڈیفنس سسٹم نے ایک بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ 

خبروں کے مطابق، بھارتی ڈرون نے بہت اونچی پرواز کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر گوجرانوالہ کینٹ کے دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈرون کو مار گرایا۔ 

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی ڈرون نے شہر کی فضائی حدود میں قدم رکھا، ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہو گیا اور دو فائرنگ کے بعد ڈرون کو تباہ کر دیا گیا۔ 

پولیس حکام کے مطابق، ڈرون کا ملبہ گجرات کے قریب واقع گاؤں ڈنگہ کے پاس گرا۔ اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچے اور گاؤں پیر جھنڈ کے کھیتوں سے ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خوش قسمتی سے، اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔