آلودہ فضا اور ناقص خوراک، دل کے امراض کی بڑی وجوہات


حالیہ سائنسی جائزوں سے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ ایشیا میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور غیر معیاری خوراک دل کے امراض کے خطرات میں تیزی سے اضافہ کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں افراد ایسی بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جن کا تعلق آلودہ فضا سے ہوتا ہے، جیسے دل کی بیماریاں، فالج اور پھیپھڑوں کا کینسر۔ جنوبی ایشیا، خصوصاً بھارت اور پاکستان میں فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حدوں سے بھی کہیں آگے جا چکی ہے۔

چین کے ایک صوبے میں گرمی اور آلودگی کے امتزاج نے دل کے دورے کے خدشات میں نمایاں اضافہ کیا ہے، خاص طور پر معمر افراد اور خواتین میں۔

زیادہ چکنائی، نمک اور چینی پر مبنی خوراک بھی دل کے مسائل کو بڑھا رہی ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ پھل، سبزیاں اور سویا بینز جیسے غذائی اجزا استعمال کرنے سے نقصان دہ اثرات کم ہو سکتے ہیں۔