پاک بھارت کشیدگی کے باعث بند کیے گئے پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے کل سے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق، صوبائی محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی کے بعد پنجاب بھر میں تعلیمی معمولات بحال کیے جا رہے ہیں اور تمام سرکاری و نجی اسکول کل سے کھل جائیں گے۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستانی علاقوں پر حملہ کیا تھا، جس میں آزاد کشمیر اور پنجاب کے متعدد علاقے نشانہ بنے۔ حملے میں 2 بچوں سمیت 31 شہری شہید اور 51 زخمی ہوئے، جبکہ دو مساجد کو بھی نقصان پہنچا۔
کشیدہ حالات کے باعث 9 اور 10 مئی کو صوبے بھر کے اسکولوں میں چھٹیاں دی گئی تھیں، تاہم اب حالات معمول پر آنے کے بعد تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھولے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیتے ہوئے متعدد بھارتی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جن میں کئی جنگی طیارے اور اہم دفاعی تنصیبات شامل تھیں۔
