اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا، جس پر پاکستان نے بھرپور جواب دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیتے ہوئے 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا گیا۔
شفقت علی خان نے کہا کہ متعدد دوست ممالک کی کاوشوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی اور سیز فائر کے لیے ان ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں کوئی جارحیت کی گئی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔
افغان وزیر دفاع کے بھارت کے مبینہ خفیہ دورے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت اور افغانستان کو خودمختار ریاستیں سمجھتا ہے اور علاقائی امن کے لیے باہمی احترام اور عدم مداخلت کی پالیسی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسائل کے پر امن حل پر یقین رکھتا ہے اور چاہتا ہے کہ دوست ممالک اپنے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہ کریں۔
ترجمان نے یورپی وزراء کے دورہ پاکستان اور بھارت میں توازن کی اہمیت پر بھی زور دیا۔