عمران خان کا انکار مسترد، پولیس کو دوبارہ ٹیسٹ کی اجازت

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کے فوٹوگرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے 9 جون تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

پراسیکیوشن کے مطابق، عمران خان نے دو بار تحریری اور ایک بار زبانی طور پر ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا، جس کے باعث تفتیش مکمل نہیں ہو سکی۔

عدالت میں ڈی ایس پی لیگل جاوید نے مؤقف اختیار کیا کہ جب تک ٹیسٹ نہیں ہوں گے، تفتیش مکمل نہیں ہو سکتی، اور عمران خان کو تفتیشی افسران کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

عدالت نے پولیس کو دوبارہ تفتیش کی اجازت دے دی، جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت 12 مقدمات درج ہیں، اور یہ معاملہ سیاسی و قانونی حلقوں میں خاصی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔