پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں دیوار کے ساتھ لگا دیا گیا ہے، اور اب ان کے پاس سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا۔
انہوں نے واضح کیا کہ احتجاجی تحریک کا مرکز اسلام آباد نہیں ہوگا بلکہ ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے، جنہیں عمران خان جیل سے لیڈ کریں گے۔ عمران خان نے احتجاجی تحریک کی منصوبہ بندی کے لیے بیرسٹر علی ظفر کو ذمہ داری سونپی ہے، جو وکلا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد حکمت عملی تیار کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان بہت سنجیدہ ہیں اور اس بار تحریک کو نتیجہ خیز بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔