نادیہ حسین اور شوہر کیخلاف بینک فراڈ کیس میں اہم موڑ

کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں 53 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کیس کی سماعت کے دوران معروف اداکارہ نادیہ حسین اور دیگر دو ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کر دیا گیا۔

سماعت کے دوران نادیہ حسین، امتیاز احمد اور فیصل عدالت میں پیش ہوئے، تاہم عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست ضمانت پر فیصلہ 11 جون کو سنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ تینوں ملزمان اس وقت عبوری ضمانت پر ہیں۔ استغاثہ کے مطابق امتیاز احمد اور فیصل پر الزام ہے کہ انہوں نے نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کے ساتھ مل کر 53 کروڑ روپے کا بینک فراڈ کیا۔ عدالت پہلے ہی عاطف خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق یہ کیس مالیاتی جرائم کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جس کے اثرات شوبز حلقوں تک بھی پہنچے ہیں۔