ندا یاسر کا نظر بد سے متاثر ہونے کا انکشاف

پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان و اداکارہ ندا یاسر نے انکشاف کیا ہے کہ  میری لاپرواہ اور دوستانہ فطرت کے باعث میری فیملی متعدد بار نظرِ بد کا شکار ہوئی ہے۔

 ندا یاسر گذشتہ 16 برسوں سے نجی ٹی وی پر مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہیں، اُن کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 26 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، وہ ایک کامیاب پروڈیوسر بھی ہیں، جس میں کئی مشہور پراجیکٹس شامل ہیں۔

ایک حالیہ گفتگو میں ندا یاسر نے کہا کہ نظرِ بد واقعی ایک حقیقت ہے یہ ہم سب پر اثر انداز ہوتی ہے، خصوصاً بچوں سے متعلق میں نے ذاتی طور پر یہ کئی بار محسوس کیا ہے، جب بھی میں اپنے بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی تھی، وہ بیمار ہو جاتے تھے، یہ میرے لیے آزمودہ بات ہے تصویر پوسٹ کروں اور کچھ ہی دن بعد بچہ بیمار۔

انہوں نے کہا کہ اب میں سمجھتی ہوں کہ لوگ بچوں کی تصاویر پر ایموجی کیوں لگاتے ہیں بعض لوگ اس پر ہنستے ہیں، مگر میں جانتی ہوں کہ ایسا کیوں کیا جاتا ہے، کیونکہ میں ہمیشہ اپنے بچوں کی تصویریں بغیر کسی پردے کے پوسٹ کرتی تھی، اب میں نے اپنی سالگرہ کی ویڈیو پوسٹ کی ہے، اللّٰہ ہمیں نظرِ بد سے محفوظ رکھے۔

ندا نے مزید کہا کہ میں خوشی چھپا نہیں سکتی، دوستوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنا میری فطرت ہے، چاہے وہ کوئی کامیابی ہو۔ میں یہ تسلیم کرتی ہوں کہ میں ممکنہ منفی اثرات کے بارے میں نہیں سوچتی کیونکہ اپنے جذبات کا اظہار مجھے اندرونی طور پر خوشی اور سکون دیتا ہے۔

اس دوران اداکارہ بینا چوہدری نے بھی اس سے متعلق اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی میں اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر پوسٹ کرتی ہوں، اُسی دن ہمارے درمیان جھگڑا ہو جاتا ہے۔