بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ جب سے احتجاج کی کال دی ہے ہرطرف خبریں چل پڑی ہیں کہ عمران خان 5 جون کو رہا ہو رہے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا میں نے ایک بیان میں کہا تھاکہ بات چیت ہمیشہ کچھ لوکچھ دوپر ہوتی ہے، ٹیبل پر بیٹھنے کے لیے لوگ لچک دکھانے کا کہہ رہے ہیں، مذاکرات کرنے والے کیا چاہتے ہیں کہ بانی سب ترک کردیں؟۔
انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سےکہا جا رہاہے کہ حکومت کو قبول کریں اور 9 مئی پر معافی مانگیں، جب سے احتجاج کی کال دی ہے ہرطرف خبریں چل پڑی ہیں کہ بانی 5 جون کو رہاہو رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جب بھی کال آتی ہے عمران خان کی رہائی کی باتیں بھی شروع ہوتی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عمر ایوب تحریک کی ساری ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ سلمان اکرم راجا پارٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کرائیں گے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں القادر ٹرسٹ کیس کی اہم تاریخ ہے، اگر کل یہ کیس نہیں سنا گیا تو یہ ستمبر تک چلاجائےگا، لوگ پلاننگ کرتے ہیں جبکہ اللہ کے پلان کے آگے انسانوں کا کوئی پلان نہیں چلتا۔