بجلی کے 2 میٹرز پر پابندی؟ پاور ڈویژن نے وضاحت جاری کر دی

اسلام آباد: ایک گھر میں دو بجلی کے میٹرز لگانے پر پابندی کی خبریں بے بنیاد ہیں، پاور ڈویژن کے ترجمان نے وضاحت جاری کر دی۔

ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں سراسر جھوٹ اور عوام میں بے چینی پھیلانے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا کنزیومر سروسز مینول 2021 کے تحت اگر کوئی رہائشی جگہ علیحدہ پورشن، علیحدہ سرکٹ، علیحدہ داخلی راستہ اور علیحدہ کچن پر مشتمل ہو تو وہاں علیحدہ بجلی کا میٹر لگانے کی اجازت موجود ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بجلی کے ناجائز استعمال اور سبسڈی کے غلط فائدے کو روکنے کے لیے قوانین پہلے سے موجود ہیں اور عوام کو جھوٹی خبروں پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔