کبھی رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت نہیں کی، ماہرہ خان

 اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کریئر کی ابتدا سے لے کر آج تک کبھی رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت نہیں کی۔

امریکی شہر میں پولیس میں سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شخص جارج فلویڈ کی ہلاکت نے پوری دنیا کے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور لوگ امریکا میں سیاہ فام لوگوں کے ساتھ برتے جانے والے تعصبانہ رویے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

 
پاکستان میں بھی سیاہ فاموں کے حق میں آوازیں اٹھ رہی ہیں اور پاکستانی فنکار مرنے والے شخص جارج فلویڈ کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔ تاہم اداکارہ زارا نور عباس کو جارج فلویڈ کے حق میں بولنا مہنگا پڑگیا۔

دراصل زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر امریکی سیاہ فام شخص کی ہلاکت اور امریکا میں سیاہ فاموں کے خلاف پھیلے تعصب کی مذمت کرتے ہوئے تعصب پسندی کو جنگ قرار دیا تھا۔

 
زارا نور عباس نے جہاں ”بلیک لائیوز میٹر“ مہم کی حمایت کی وہیں وہ رنگ کو گورا کرنے والی کریم کے اشتہار میں بھی کام کرتی نظر آرہی ہیں جس کی تشہیر انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاو¿نٹ پر بھی کی ہے۔

ایک ہی وقت میں رنگ گورا کرنے والی کریم کی حمایت اور کالے رنگ کےخلاف پھیلے تعصب کی مذمت کرنے پر سوشل میڈیا پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

زارا نور عباس کی پوسٹ پر گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک بحث چھڑ گئی ہے اور لوگ زارا نور عباس کو کہہ رہے ہیں کہ پہلے ا?پ رنگ گورا کرنے والی مصنوعات میں کام کرنا بند کریں اس کے بعد سیاہ فام لوگوں کے حق میں آواز اٹھائیے گا۔

حال ہی میں بی بی سی اردو کے نامہ نگار ہارون رشید نے اسی بحث کے حوالے سے ٹوئٹر پر سوال پوچھا کیا آپ ان بالی ووڈ یا پاکستانی اسٹارز کے نام بتاسکتے ہیں جنہوں نے کبھی بھی رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت نہیں کی؟


 ماہرہ خان نے اس سوال کے جواب میں کسی اور سٹار کا نام لینے کے بجائے اپنا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت نہیں کی یہاں تک کہ اپنے کریئر کی ابتدا میں جب وہ وی جے تھیں اس وقت بھی انہوں نے رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی تشہیر کرنے سے انکار کردیا تھا۔


گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی ماہرہ خان کی اس ٹوئٹ پر جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ہمیشہ جلد گورا کرنے والی مصنوعات میں کام کرنے سے انکار کیا ہے۔ آپ کی جلد میں موجود میلا نن کی مقدار کاآپ کے خوبصورت ہونے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا اگر ہم سب ذمہ داری کے ساتھ رنگ گورا کرنے والی مصنوعات سے انکار کریں گے تو یہ مارکیٹ میں تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے۔ ہم سب چیزوں کو تبدیل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ اقرا عزیز نے کہا تھا کہ انہوں نے رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی حمایت سے انکار کیا تھا کیونکہ ان کے نزدیک یہ صحیح نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ رنگ گورا ہونا کامیاب زندگی کی علامت نہیں ہے۔