لاہور / کراچی: یورپین یونین کی ائیر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان ایئر لائن کا یورپی ممالک کے لیے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ 6 ماہ کے لئے معطل کردیا ہے جس کے بعد پی آئی اے کی یورپ جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کی طرف سے پی آئی اے کے یورپی ممالک کیلئے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو6 ماہ کیلئے معطل کردیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی رات12بجے یونیورسل ٹائم(یو ٹی سی) کے مطابق ہوگیا۔ تاہم اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جاسکے گی۔ اس سلسلے میں حکومتی اور انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کے نتیجے میں اس معطلی کو جلد از جلد بحال کروایا جا سکےگا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کی تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ ہو گئی ہیں۔ پی آئی اے کی بکنگ رکھنے والے مسافر اسے مؤخر کرواسکتے ہیں یا چاہیں تو ریفنڈ حاصل کرلیں- ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے یورپی فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ کے اقدامات کے نتیجے میں یہ معطلی جلد ختم ہوجائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملے اور فیصلے کے خلاف 2 ماہ میں اپیل دائر کی جاسکے گی۔یورپی یونین ائر سیفٹی ایجنسی (EASA) کی جانب سے پی آئی اے انجینئرنگ کو ٹی سی او 200 کے تحت دیے گئے اجازت نامے پر قوانین کے مطابق عملدرآمد کے حوالے سے ٹیکنیکل ٹیم نےجون اور ستمبر 2019 پاکستان کے دوروں کے دوران ائر لائن حکام کے ساتھ اجلاس بھی کیے تھے۔