پاک فوج میں پہلی خاتون افسر لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر تعینات

پشاور۔خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے تاریخی گاؤں پنج پیر سے تعلق رکھنے والی میجر جنرل نگار جوہر کو لیفٹیننٹ  جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی جس کے بعد وہ لیفٹیننٹ  جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والی پہلی خاتون افسر بن گئی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ا(ٓئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی میڈیکل کور سے وابستہ میجرجنرل نگار جوہر کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی ہے جس کے بعد وہ لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والی پہلی خاتون افسر بن گئی ہیں۔

 لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو سرجن جنرل آف پاکستان آرمی تعینات کردیا گیا ہے، اس طرح وہ پاک فوج کی تاریخ میں پہلی تھری اسٹار آفیسر ہونے کے ساتھ ساتھ پہلی سرجن جنرل کے عہدے پر کام کرنے والی خاتون افسر بھی بن گئی ہیں، لیفٹیننٹ  جنرل نگار جوہر کا تعلق پنج پیر  خیبرپختونخوا سے ہے اوروہ ممتاز قومی شخصیت اور آئی ایس آئی اسلام آباد کے سابق سٹیشن چیف میجر عامر کی بھانجی ہیں۔

 لیفٹیننٹ  جنرل نگار جوہر اس وقت کمانڈنٹ ملٹری اسپتال راولپنڈی کے عہدے پر کام کر رہی ہیں ان کووالد کرنل عبدالقادر خان پاک فوج اہم خدمات انجام دے چکے ہیں وہ جہاد افغانستان کے دوران آئی ایس آئی میں ڈائریکٹرافغان امور تھے ان کاشمار پاک فوج کے قابل ترین افسران میں ہوتاتھا وہ میجرعامرکے کزن تھے کرنل عبدالقادر 33سال قبل اپنی اہلیہ اور دوبچیوں سمیت ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے تھے نگار جوہر کے دوبھائی ہیں ایک ایئر فورس میں ایئر کموڈور ہیں جبکہ دوسرے بھائی پاک فوج میں ہیں چھ ماہ قبل نگار جوہر کے شوہر جوہرعلی خان کانتقال کرگئے تھے۔