پشاور۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اجمل خان وزیر نے بجٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری پر وفاقی حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل وقت میں ایسا بجٹ بنایا جس میں صحت کے شعبے اور غریبوں کی مدد کے لیے احساس پروگرام کو خصوصی توجہ دی گئی ہے جو قابل تحسین ہے,اپوزیشن بجٹ منظور نہ ہونے دینے کے دعوؤں میں ایک بار پھر بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے صوبے کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بارے میں اجمل وزیر نے کہا کہ صوبہ کے سات ڈویڑنز کے مختلف اضلاع میں اب تک کل *276* متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاون کیا گیا۔
ان تمام علاقوں میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد *2895* ہے۔اسمارٹ لاک ڈاون کی وجہ سے *8لاکھ 8ہزار627* افراد کو گھروں تک محدود کیا گیا ہے,ان متاثرہ علاقوں میں *3ہزار141* گھروں کو آئسولیٹ کیا گیا ہے۔ جبکہ مقررہ مدت پوری ہونے پر 58 علاقوں سے اسمارٹ لاک ڈاؤن ہٹایا بھی گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، محمکہ صحت اور محمکہ ریلیف اسمارٹ لاک ڈاون والے علاقوں کی نگرانی کررہے ہیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی مفید ثابت ہوئی ہے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا سے صحتیابی کی شرح بہتر ہوئی ہے گزشتہ ایک ہفتے میں یہ شرح 30فیصد سے بڑھ کر 48فیصد ہوئی ہے۔اجمل وزیر نے کہاکہ اللّہ کا کرم ہے اس مشکل وقت میں ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے۔اگر اپوزیشن کی کوئی جماعت اس وقت حکومت کررہی ہوتی تو اس وقت ملک کا کیا حال ہوتا۔عمران خان احساس پروگرام کے زریعے غریب عوام کی مدد کررہے ہیں۔ اجمل وزیر نے این سی او سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ این سی او سی عمدگی سے اپنا کام کررہی ہے, پورے ملک کی صورتحال کو مانیٹر کرکے بہترین حکمت عملی ترتیب دی جاتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک بہتر سمت میں چل رہا ہے. وزیراعلیٰ محمود خان وزیراعظم کے وڑن کے مطابق صوبے کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہخیبر پختونخوا کے بجٹ میں صحت کو خصوصی توجہ دی گئی ہے۔پہلی بار 24ارب روپے کی خطیر رقم کورونا ایمرجنسی کے لیے رکھی گئی ہے, صحت انصاف کارڈ کی سہولت صوبے کے تمام خاندانوں کو فراہم کرنے کے لیے بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے,صوبے کے ضم شدہ اضلاع کی بہتری کے لیے بھی بجٹ میں خاطر خواہ حصہ رکھا گیا ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا کے سدباب کے لیے حکومت, ڈاکٹرز, طبی عملہ اور سیکیورٹی ادارے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں,اسکے ساتھ عوام کو بھی اپنا کردار نبھانا ہوگا, عوام ایس او پیز پر عمل کرکے خود کو اور اپنے پیاروں کو کورونا وباء سے بچائیں۔