پشاور۔پشاور ہائیکورٹ نے شاہی باغ پارک کو ورثہ قرار دیتے ہوئے شاہی باغ کی خوبصورتی بحال کرنے، تمام تجاوزات ہٹانے اور اور شاہی باغ میں قائم شادی ہال مسمار کرنے کی ہدایت کی ہے کیس کی سماعت جسٹس قیصر رشید اور جسٹس نعیم انور پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہی باغ پارک میں تجاوزات کی بھرمار ہے جبکہ شاہی باغ کی خوبصورتی بحال کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں عدالت میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سید سکندر پیش ہوئے جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ یہ پارک ایک ورثہ ہے پارک کی خوبصورتی بحال کرنے کے لئے اقدامات کریں۔
شاہی باغ اور وزیر باغ کے اردگرد تجاوزات کو ہٹائیں،قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کریں جس پر عدالت میں موجود سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے عدالت کو بتایا کہ پارکوں کی بحالی کے لئے اقدامات کررہے ہیں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی ہے بہت جلد تمام پارکوں کو تجاوزات سے پاک کر دیا جائے گا جس پرجسٹس قیصر رشید نے کہا کہ محکمے اچھا کرم کریں گے تو ہم اس کو سراہتے ہیں ہمیں بی آر ٹی سے کوئی کام نہیں پارکوں کی خوبصوتی کو بحال کریں بی آر ٹی بعد میں دیکھیں گے کہ یہ لوگوں کو سہولت دیتا ہے یا نہیں فاضل بنچ نے شاہی باغ سے تمام تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو شاہی باغ میں درخت لگانے اور آئندہ سماعت پر پارکوں کی بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔